پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو 2016 تک ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا،مصباح الحق 2015 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے ۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان کاکہنا ہے کہ دونوں فارمیٹ کےلیے کپتانوں کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے،ٹی 20اور ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان جلد کریں گے۔چیئرمین پی سی بی نے شاہد آفریدی اور مصباح الحق کےلیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ شاہد آفریدی اس سے پہلےنا صرف ٹی20 بلکہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں بھی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ پاکستان کے مقبول ترین کرکٹرشاہد آفریدی سب سے زیادہ 381 ون ڈے کھیل چکے ہیں،انہوں نے سب
سے زیادہ 74 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی،صرف یہی نہیں چھکے لگانے میں بھی آفریدی کا کوئی ثانی نہیں۔ آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے 2011 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل بھی کھیلا۔ٹی 20 کرکٹ میں ان کا ریکارڈ کچھ اچھا نہیں،پاکستان چھ کپتانوں میں سب سے ناکام کپتان رہے ہیں۔آفریدی نے 19 ٹی20 میچزمیں پاکستان کی قیادت کی، 8جیتے اور 11 میں گرین شرٹس کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔موجودہ حالات میں شایدبورڈ کے پاس آفریدی سے اچھی چوائس نہیں ،اس لیے ایک بار پھر قیادت کا ذمہ داری انہی کے کاندھوں پر ڈال دی گئی ہے،اب وہ یہ ذمہ داری کس طرح اورکب تک نبھاتے ہیں یہ وقت ہی بتا ئے گا۔